اسلام آباد(الفجرآن لائن) حکومتِ پاکستان نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 331 روپے 20 پیسے مقرر ہو چکی ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ڈیزل کی نئی قیمت بڑھ کر 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے

