بلوچستان سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، رقبے کے لحاظ سے بڑا صوبہ خصوصی توجہ کا حقدار ہے: صدر آصف زرداری
اسلام آباد( الفجرآن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدرِ مملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی محترمہ فریال تالپور اور بلوچستان کے سابق وزیر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، تیز رفتار ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر روابط اور مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے ناطے بلوچستان خصوصی توجہ اور وافر وسائل کا حقدار ہے۔ صدرِ مملکت نے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی تمام سازشیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب صوبے سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیا جائے گا۔

