ایران کے خلاف کسی بھی ملک کیخلاف اب تک کی جانے والی سب سے زیادہ تباہ کن معاشی کارروائی کا اعلان کر رہا ہوں
دنیا تیل اسمگلنگ سمیت ایران سے ہرقسم کا معاشی تعلق توڑ لے ورنہ بڑے اقتصادی نتائج بھگتنا ہوں گے،امریکی صدر
واشنگٹن(لفجر آن لائن) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی جنگ چھیڑتے ہوئے تباہ کن معاشی پابندیوں کا اعلان کردیا اور دنیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ تیل کی اسمگلنگ سمیت ایران سے ہرقسم کا معاشی تعلق توڑ لے ورنہ بڑے اقتصادی نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی ملک کیخلاف اب تک کی جانے والی سب سے زیادہ تباہ کن معاشی کارروائی کا اعلان کر رہا ہوں۔اپنے بیان میں صدرٹرمپ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں اور ایران کو تنہا اور شکست سے دوچار کریں۔صدرٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک جو اپنے مالیاتی اداروں، بزنسز، ہوائی اڈوں اور حکومتی اداروں کو اجازت دے گا کہ وہ ایران کیلئے لائف لائن کا کردار اداکریں، اسے شدید معاشی نتائج بھگتنا ہوں گے۔تیل کی اسمگلنگ، کیش منتقلی، تبادلے اور شپ رجسٹریز، فرنٹ کمپنیوں کو فوری روکنا ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے ممالک کو خبردار کیا کہ آپ جانتے ہیں کہ آپ ہیں کون،یہ اقتصادی ڈی ڈے ہوگا،کسی نے بھی اسلامی جمہوری ایران کو ڈیل کیلئے اتنے بڑے مواقع نہیں دیے جس قدر انہوں نے دئیے تھے۔ افسوس کی بات ہے کہ ایران انہیں قبول کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اب ایران کیخلاف ایسا تباہ کن آپریشن کیاجارہا ہے جو پہلے کسی ملک کیخلاف نہیں کیا گیا۔یہ اقتصادی جنگ ہے جو ایران کو غیرمعمولی طور پر تنہا کردے گی۔ٹرمپ نیکہا کہ ان کے اعلان کردہ یہ تاریخی اقدامات ایران کو مفلوج کردیں گے اور وہ دنیا میں دہشت پھیلانے کے قابل نہیں بچے گا۔ ایران کبھی نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔صدرٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران کی بحریہ ختم کی جاچکی۔ایران کی فضائیہ تباہ کی جاچکی اور انکی فوجی فیکٹریاں ملبے کا ڈھیر بنائی جاچکی ہیں۔ ایرانی کرنسی بے قیمت اورملک انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کی معاشی مدد کرنے والے کسی ملک کے خلاف کیا مخصوص اقدامات کئے جائیں گے اور نہ ہی انھوں کسی ملک کا نام لیا ہے۔

