راولپنڈی (الفجرآن لائن): ڈیمو کریٹک ریپبلک آف کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مولیامبو جولز نے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ کانگو کے فوجی سربراہ نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں، اور علاقائی امن کے لیے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعی خود انحصاری کے سفر کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

