Senator Rubina Khalid, Chairperson of the Benazir Income Support Programme, conveyed greetings on 12 Rabi-ul-Awwal and emphasized the importance of following the Seerah of Prophet Muhammad ﷺ, promoting compassion, brotherhood, equality, social justice, and service to deserving families.
12 ربیع الاول پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد، سینیٹر روبینہ خالد
اسلام آباد: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے 12 ربیع الاول کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن اسوۂ رسول ﷺ پر عمل کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات محبت، اخوت، مساوات، عدل اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کمزور، غریب اور ضرورت مند طبقات کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔ سیرتِ طیبہ ہمیں مستحق خاندانوں کا سہارا بننے اور معاشرے میں سماجی انصاف کے فروغ کا درس دیتی ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں ضرورت مند بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد اور ان کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اسوۂ رسول ﷺ پر چلتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت اور مساوات کو فروغ دینا ہوگا۔ سیرتِ طیبہ پر حقیقی معنوں میں عمل ہی ایک پُرامن، باہمی احترام اور فلاحی معاشرے کی بنیاد بن سکتا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے، انسانیت کی خدمت کرنے اور دکھی و ضرورت مند افراد کا سہارا بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

