کمدیش میں تقریباً 50 جنگجوؤں کے حملے کا دعویٰ، طالبان کی جانب سے کنڑ سے اضافی کمک پہنچانے کی اطلاعات
کابل (الفجر آن لائن) افغانستان میں نورستان، کمدیش اور کنڑ کے علاقوں میں طالبان کے خلاف مزاحمتی گروہوں کی جانب سے کارروائیوں اور جھڑپوں کے دعوے سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 26 ستمبر کو کمدیش میں تقریباً 50 جنگجوؤں نے طالبان کی پوزیشنوں پر حملہ کیا، جس کے بعد علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ دعوے کے مطابق لڑائی کے دوران طالبان کی جانب سے کنڑ سے کمدیش کی طرف اضافی کمک منتقل کی گئی۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ جھڑپوں میں طالبان کے 9 اہلکار ہلاک، 11 زخمی اور 9 لاپتا ہوئے، جبکہ مزاحمتی گروہوں اور مقامی افراد کی جانب سے راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے طالبان کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا گیا۔دعوے کے مطابق جلال آباد میں بھی طالبان کی عسکری نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ لڑائی کا دائرہ کمدیش سے کنڑ تک پھیل گیا ہے۔ رپورٹ میں افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں میں اضافے اور بعض مقامی افراد کے اس تنظیم میں شامل ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

