کوئٹہ (ویب ڈیسک): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری ‘آپریشن شعبان’ کے دوران دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور فورسز نے دہشت گردوں کے منظم ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر انہیں تباہ کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ‘آپریشن شعبان’ کے تحت اب تک 33 دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں مزید 23 دہشت گرد مارے گئے۔ صوبے کے حساس علاقوں نوشکی میں کارروائی کے دوران 11 اور مند میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب نہیں کر سکتے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائیاں ان کے مکمل خاتمے تک بلا رکاوٹ جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان "عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل ہے۔

