جوہانسبرگ(الفجرآن لائن) جنوبی افریقہ کے دو بڑے شہروں میں فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغربی قصبے میں واقع بار میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے واقعے میں 17 افراد ہلاک اور 15 افراد زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے بار میں موجود لوگوں پر رائفلوں اور پستول سے فائرنگ کی، فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے مسلح افراد کی تلاش جاری ہے، فائرنگ کے محرکات بھی ابھی معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔دوسرا واقعہ کیپ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے انٹرٹینمنٹ وینیو پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک اور 11 کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔یاد ر ہے کہ چند روز قبل بھی جنوبی افریقا کے علاقے جنوبی ڈربن میں ایک گھر میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے حاملہ خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

