بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ سے صوبائی نمائندہ مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی، ذرائع کا دعویٰ
اسلام آباد (الفجرآن لائن) اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل میں صوبائی نمائندگی اور بعض فیصلوں کے معاملے پر اختلافات سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکراتی ٹیم میں صوبائی حکومت کی جانب سے نمائندہ بھجوانے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے صوبے کی جانب سے ایک نمائندہ مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے اپوزیشن کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے بعض فیصلوں سے بھی اختلاف کیا ہے۔ اس معاملے پر اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کردار اور مؤقف پر بھی شدید تنقید کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان رابطوں اور نمائندگی کے معاملے پر اختلافات دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔تاہم، مذکورہ اختلافات اور اجلاس میں ہونے والی تنقید کے حوالے سے متعلقہ فریقین کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

