کوئٹہ (الفجرآن لائن): حکومتِ بلوچستان نے صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک تاریخی تعلیمی پیکج کا آغاز کرتے ہوئے دنیا بھر کی 100 سے زائد ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے تحت شروع کیے گئے اس پروگرام کے ذریعے ہر سال صوبے کے 10 ہونہار امیدواروں کو عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عالمی اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر گہرے اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام محض وظائف نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں، جس سے بلوچستان کا نوجوان اب مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں کو کتاب اور علم کی طاقت کی طرف راغب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا اصل مقابلہ علم و شعور اور ترقی کے مواقع فراہم کر کے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والوں سے نہیں، بلکہ کتاب ہاتھ میں لے کر دنیا کی بہترین جامعات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ حکومتِ بلوچستان کا بنیادی مقصد اپنے نوجوانوں کو عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے اور اس مقصد کے لیے بہترین جامعات تک رسائی کا یہ سفر اب باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے جو صوبے کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا


