ملتان،اسلام آباد (الفجر آن لائن)ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو حادثے کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق اور30سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی رفتار تیز تھی، جس کی وجہ سے تمام بوگیاں الٹ گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم لاپتا ہونے والی ڈیرھ سال کی بچی کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگی سے ایک اور لاش نکال لی گئی ہے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے۔تمام لاشوں اور زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ایک مسافر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا، روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، 3 سے 4 گھنٹے میں ڈان ٹریک بحال کردیا جائے گا، حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کام کر رہی ہے، شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچانے کے لیے دوسری کوچ فراہم کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

