اڈیالہ روڈ کے علاقے گلشن آباد میں فائرنگ کا واقعہ، ملزم شوہر کا ابتدائی مؤقف ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی؛ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
راولپنڈی (الفجر آن لائن) اڈیالہ روڈ کے علاقے گلشن آباد میں خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کو گھر میں فائرنگ کے واقعے میں قتل کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر احسن کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن نے اپنے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چل گئی، جو ربیعہ احسن کو جا لگی۔ تاہم پولیس واقعے کے حالات و واقعات اور اس کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم احسن اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں گریڈ 18 کا ملازم ہے، جبکہ مقتولہ ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے اینکر پرسن تھیں اور اسلام آباد میں اپنا سیلون بھی چلا رہی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن اور احسن نے پسند کی شادی کی تھی۔ بظاہر دونوں کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی کی اطلاعات سامنے نہیں آئی تھیں۔ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں۔
پولیس نے ملزم کے ابتدائی بیان سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھا دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی اصل حقیقت کا تعین تحقیقات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

