موٹروے ایم 3 رجانہ تا درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا شورکوٹ تک ٹریفک عارضی طور پر معطل رہی، موٹروے پولیس کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔
لاہور (الفجر آن لائن): پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، تاہم حدِ نگاہ بہتر ہونے پر دونوں موٹرویز کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 کو رجانہ سے درخانہ تک جبکہ موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور عبدالحکیم سے شورکوٹ تک بند کیا گیا تھا۔ اس دوران قومی شاہراہ پر خانیوال کے قریب بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹرویز کی بندش کا فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا تھا۔ بعد ازاں سنٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ حدِ نگاہ بہتر ہونے پر موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے تحت سفر کرنا ہو تو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ اس دوران حدِ نگاہ نسبتاً بہتر ہونے کا امکان ہوتا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو مزید ہدایت کی ہے کہ دورانِ سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے مکمل اجتناب کریں۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ کم حدِ نگاہ کے باعث معمولی غفلت بھی سنگین ٹریفک حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ شہری سفر شروع کرنے سے قبل موٹرویز کی تازہ صورتحال معلوم کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

