بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ کا اہم فیصلہ، اب کبھی شادی نہ کرنے والی 45 سال یا اس سے زائد عمر کی مستحق خواتین بھی مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں مالی معاونت حاصل کر سکیں گی، چیئرپرسن روبینہ خالد۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کی منظوری بی آئی ایس پی بورڈ نے دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا ہے کہ بی آئی ایس پی بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی ان غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے جن کی زندگی میں کبھی شادی نہیں ہوئی۔
روبینہ خالد کے مطابق اس فیصلے کے تحت ایسی خواتین بھی مالی معاونت حاصل کرنے کی اہل ہو سکیں گی جو مقررہ عمر کی شرط پوری کرتی ہوں اور پروگرام کے طے شدہ اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہوں۔
اس اقدام کا مقصد معاشرے کی ان مستحق خواتین کو بھی سماجی تحفظ کے دائرے میں لانا ہے جو تاحال بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مالی معاونت سے مستفید نہیں ہو پا رہی تھیں۔
بی آئی ایس پی کے اس فیصلے سے اہل خواتین کے لیے مالی معاونت کے حصول کے نئے امکانات پیدا ہوں گے، جبکہ مستحق طبقات تک سماجی تحفظ کی سہولیات پہنچانے کے پروگرام کے دائرہ کار میں بھی توسیع ہوگی۔
واضح رہے کہ 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کی شمولیت مقررہ اہلیت کے معیار سے مشروط ہوگی۔ رجسٹریشن، درخواست دینے کے طریقہ کار اور ادائیگیوں سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری ہونے پر سامنے آئیں گی۔

