پلاٹ کے تنازع پر شہری کو مبینہ طور پر پانچ گھنٹے یرغمال رکھا گیا، 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا چیک اور دستخط شدہ اسٹامپ پیپر زبردستی حاصل کرنے کا الزام، بیوی اور بچوں کو بھی قتل کی دھمکیاں دینے کا انکشاف۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف علاقے پولی کلینک کے قریب ایک شہری کو مبینہ طور پر اغوا کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنانے اور پلاس کے ذریعے زبان کھینچ کر چھری سے کاٹنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پلاٹ کے تنازع پر مسلح ملزمان نے انہیں پانچ گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا اور تشدد کے دوران بھاری رقم کا چیک بھی زبردستی حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری محمد نعیم کی جانب سے ملزمان میاں اسامہ وحید اور رانا فرحان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے دائر درخواست میں واقعے سے متعلق سنگین انکشافات کیے گئے ہیں۔ درخواست کے متن کے مطابق گلبرگ گرین میں ایک پلاٹ کے تنازع پر ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر محمد نعیم کو گاڑی میں اغوا کیا اور تقریباً پانچ گھنٹے تک حبسِ بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
درخواست گزار کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر ان سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا چیک اور زبردستی دستخط شدہ اسٹامپ پیپر بھی حاصل کر لیا۔ اس دوران ملزم رانا فرحان پر حساس ادارے کا جعلی کارڈ استعمال کرکے انہیں ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ مبینہ تشدد کے دوران ملزمان نے پلاس کے ذریعے محمد نعیم کی زبان باہر کھینچی اور چھری سے کاٹ دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے ان کی بیوی اور بچوں کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور انہیں خاموش رہنے کے لیے دباؤ میں رکھا۔ درخواست میں مبینہ دھمکی کے الفاظ بھی درج کیے گئے ہیں کہ زبان کم چلانا، ورنہ گلا کاٹ دیں گے۔
محمد نعیم نے مزید مؤقف اختیار کیا ہے کہ شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل ہونے کے بعد بھی ملزمان نے ان کا پیچھا کیا۔ ان کے مطابق ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزم رانا فرحان کی موجودگی کے شواہد موجود ہیں۔
متاثرہ شہری نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سے اپیل کی ہے کہ مبینہ طور پر ملوث بااثر افراد کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں سمیت ان کے اہلخانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات، ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے تحفظ اور زخموں کی نوعیت و شدت کا تعین کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی بھی درخواست کی ہے

