صدر مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر آمد پر پارلیمانی پارٹی، پارٹی رہنماؤں، پونچھ کے ٹکٹ ہولڈرز اور جموں و کشمیر کونسل کے ارکان سے ملاقاتیں متوقع، سیاسی مصروفیات کے بعد نیلم ویلی کے سیاحتی مقام تاوبٹ جانے کا پروگرام بھی طے۔
مظفرآباد (الفجر آن لائن): سابق وزیراعظم پاکستان اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کا شیڈول طے پا گیا ہے، جس کے مطابق وہ 18 نومبر بروز بدھ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچیں گے، جہاں وہ پارٹی امور اور آزاد کشمیر حکومت کے 100 روزہ حکومتی پلان سمیت اہم سیاسی معاملات پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنے دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اور پارٹی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ پونچھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور ممبران جموں و کشمیر کونسل سے بھی ان کی ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہیں۔ اس سلسلے میں ارکان اسمبلی، کشمیر کونسل کے ممبران اور ٹکٹ ہولڈرز کو باقاعدہ دعوت نامے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی قیادت میں ہونے والی اہم بیٹھک میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی معاملات، پارٹی کی سیاسی حکمت عملی اور حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت کے ابتدائی 100 روزہ حکومتی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مختلف حکومتی ترجیحات، ترقیاتی اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں سیاسی اور تنظیمی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد نواز شریف اسی روز نیلم ویلی کے خوبصورت سیاحتی مقام تاوبٹ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں ان کا ایک روز قیام کا پروگرام ہے۔
نواز شریف کے اس دورے کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی اور حکومتی معاملات کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ملاقاتوں اور اجلاسوں کے حتمی فیصلوں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

