کراچی سے قلعہ ستار شاہ جانے والی مال بردار ٹرین فیروزہ ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار، ملتان اور سکھر سے امدادی کرینز طلب، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رحیم یار خان (الفجر آن لائن): پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں فیروزہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے قلعہ ستار شاہ جانے والی مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ کئی ڈبے الٹ گئے۔ حادثے کے بعد ریلوے حکام کی جانب سے امدادی اور بحالی کی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ملتان کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ منگل کی صبح 5 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا۔ کراچی سے قلعہ ستار شاہ جانے والی مال بردار ٹرین تکنیکی خرابی کے باعث فیروزہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں انجن سمیت 7 لوڈڈ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، جبکہ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 6 ڈبے الٹ بھی گئے۔ حادثے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا اور ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
ریلوے حکام نے امدادی کارروائیوں کے لیے ملتان اور سکھر سے ریلیف کرینز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی ہیں۔ متعلقہ ریلوے افسران اور عملہ موقع پر موجود ہے اور بحالی آپریشن کی نگرانی کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اپ ٹریک بند ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت ڈاؤن ٹریک کے ذریعے جاری ہے، جبکہ متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ ملک میں رواں سال کے دوران مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے 55 سے زائد حادثات رپورٹ ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد ریلوے کے حفاظتی انتظامات اور ٹریک کی دیکھ بھال کے معاملات بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

