وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا آپریشن ردالفتنہ تھری کی کامیابیوں پر اظہار اطمینان، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے 15 دہشتگردوں کا خاتمہ ایک اہم کامیابی ہے۔ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کرنا اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنا سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کا ثبوت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے کلیئر کرانا امن و امان کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کے بنیادی اہداف ہیں۔ دہشتگردی اور تشدد کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے لیے صوبے میں کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عزم ظاہر کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

