فیروزوالا میں تین بچیوں کی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا، والدین نے نوڈلز کھانے کو واقعے کی وجہ قرار دے دیا، پولیس کی تحقیقات جاری
لاہور (الفجر آن لائن) لاہور کے علاقے فیروزوالا میں مبینہ طور پر نوڈلز کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے سے دو بچیاں جاں بحق ہوگئیں جبکہ تیسری بچی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ تینوں بچیوں کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ورثاء کے مطابق نوڈلز کھانے کے بعد تینوں بچیوں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ متاثرہ بچیوں میں ایشال فاطمہ، جنت اور ماہین شامل ہیں۔ طبی امداد کے باوجود ماہین اور جنت جانبر نہ ہوسکیں جبکہ ایشال فاطمہ اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
والدین نے نوڈلز کھانے کو بچیوں کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ قرار دیا ہے، تاہم تاحال اس بات کی طبی طور پر تصدیق نہیں ہوسکی کہ بچیوں کی اموات نوڈلز کھانے کے باعث ہوئیں یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔
واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ محکموں نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات کا تعین طبی رپورٹس اور جاری تحقیقات کی روشنی میں کیا جائے گا۔

