بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری اور وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال، امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (الفجر آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری اور وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں جاری ترقیاتی اقدامات اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے صوبے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی اور وفاقی و صوبائی سطح پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

