مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، علماء کا کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب، مدارس کی خودمختاری اور غیر سیاسی حیثیت برقرار رکھنے پر زور
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان کے 100 سے زائد علماء کرام، مہتممینِ مدارس اور مذہبی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کو کسی سیاسی رہنما یا جماعت کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ علماء نے مدارس کی خودمختاری اور ان کی غیر سیاسی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علماء کرام کا کہنا تھا کہ دینی مدارس قرآن و سنت کی تعلیم، دین اسلام کی ترویج اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا بنیادی مقصد دینی و تعلیمی خدمات انجام دینا ہے، نہ کہ سیاسی جلسوں کے لیے افرادی قوت فراہم کرنا یا کسی سیاسی جماعت کے مؤقف کو آگے بڑھانا۔
علماء کرام نے کہا کہ دینی مدارس پوری امت مسلمہ کا مشترکہ علمی اور روحانی اثاثہ ہیں اور انہیں کسی ایک فرد یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا۔ مدارس کے اجتماعی تشخص، خودمختاری اور غیر سیاسی حیثیت کا تحفظ ضروری ہے تاکہ ان کے اصل تعلیمی اور دینی مقاصد برقرار رہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران علماء نے مطالبہ کیا کہ مدارس کے معاملات میں کسی ایک سیاسی جماعت کی اجارہ داری ختم کی جائے اور ان سے متعلق فیصلوں میں اجتماعی مشاورت کو فروغ دیا جائے۔
علماء کرام نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو سیاست کا ایندھن نہیں بننے دیا جائے گا اور مدارس کو ان کے بنیادی دینی و تعلیمی کردار تک محدود رکھا جانا چاہیے۔

