چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کا امیدواروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار، معیاری طبی تعلیم اور جدید پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (الفجر آن لائن) ضیاء الدین یونیورسٹی کراچی کے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن انٹری ٹیسٹ کا پہلی مرتبہ اسلام آباد میں کامیابی سے انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 354 امیدواروں اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ یہ پیش رفت یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
داخلہ ٹیسٹ میں امیدواروں کی بھرپور شرکت اعلیٰ طبی تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ تربیت کے حصول میں دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ اسلام آباد میں امتحانی مرکز کے قیام سے امیدواروں کو تعلیمی مواقع تک رسائی میں سہولت فراہم ہوئی۔
اس موقع پر ضیاء الدین یونیورسٹی کراچی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے معیاری تعلیم اور بہترین پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم کے فروغ، اعلیٰ تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور طلبہ کے لیے نئے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات، بہترین تدریسی ماحول اور معیاری پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا بنیادی مقصد اعلیٰ معیار کی تعلیم اور جدید پوسٹ گریجویٹ تربیت کے ذریعے قابل، باصلاحیت اور ماہر طبی پیشہ ور افراد تیار کرنا ہے تاکہ شعبہ صحت میں معیاری خدمات کی فراہمی کو فروغ دیا جا سکے۔

