اسلام آباد انتظامیہ نے اہلخانہ کو 30 منٹ کی مہلت دے کر گھر خالی کرایا، جے یو آئی نے کارکنوں کو اشتعال میں نہ آنے اور قیادت کی ہدایات کا انتظار کرنے کی اپیل کردی۔
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی کارروائی کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کردی گئی، جبکہ ان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔ انتظامیہ نے اہلخانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی، جس کے بعد وہ رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔
اسلام آباد انتظامیہ ہفتہ کی صبح مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے کے لیے پہنچی، جہاں علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ گھر کی جانب جانے والے راستوں پر پولیس اہلکار الرٹ رہے اور رہائش گاہ کی طرف جانے والی گلی کو بھی ناکے لگا کر بند کردیا گیا۔
سی ڈی اے کے حکمنامے کے مطابق گھر کے مالک امان اللہ کے رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے۔ حکمنامے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومتی اداروں کی اطلاعات کے مطابق امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کے بعد الاٹمنٹ منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔ سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم پیش نہ ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ شوکاز نوٹس گھر کے احاطے میں چسپاں کیا گیا تھا۔
دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ نے اہلخانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ سیل کردی ہے۔
ترجمان نے حکومتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ظلم و جبر کے ذریعے سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ ان کی اسلام آباد رہائش گاہ پر کارروائی کے دوران اہلخانہ کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے کا کہا گیا۔
ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صبر و تحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے، کارکن نظم و ضبط برقرار رکھیں اور قیادت کے فیصلوں کے مطابق عمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کرسکیں، اور حکومتی اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

