290 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ، لاگت کا تخمینہ 624 ارب 97 کروڑ روپے سے زائد۔
راولپنڈی (الفجرآن لائن) لاہور تا راولپنڈی ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں منصوبے کی ابتدائی فزیبلٹی اور پلاننگ مکمل کرلی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق منصوبے کی تیاری پر 624 ارب 97 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت لاہور سے راولپنڈی تک تقریباً 290 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینوں کی آمدورفت کے قابل بنانے کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ موجودہ ٹریک کے متوازی نئی ریلوے لائن کی تعمیر بھی تجویز کی گئی ہے۔
مجوزہ ریلوے کوریڈور کے ذریعے لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چکوال اور راولپنڈی کو منسلک کیا جائے گا۔ منصوبے میں 38 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو، پلیٹ فارمز کی توسیع اور انہیں جدید ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب میں تبدیل کرنے کی تجویز شامل ہے، جہاں خودکار ٹکٹنگ اور پارک اینڈ رائیڈ جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دستاویزات کے مطابق دینہ اور سوہاوہ کے درمیان تقریباً 50 کلومیٹر کے حصے پر اسٹرکچرل اوور پاسز تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ہائی اسپیڈ ریل کے لیے جدید یورپی ٹرین کنٹرول اور مرکزی ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب ہوگا۔ منصوبے میں فائبر آپٹک کمیونیکیشن، حفاظتی انتظامات، سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے جدید نظام بھی شامل ہیں۔
منصوبے کی معاشی اور مالیاتی فزیبلٹی میں مسافروں کی متوقع تعداد، آمدن، ٹرینوں کے آپریشن، دیکھ بھال کے اخراجات اور دیگر مالی امور کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے لاہور، راولپنڈی اور درمیان میں واقع شہروں کے درمیان ریلوے سفر کو تیز، محفوظ اور جدید بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

