پی ڈی ایم اے بلوچستان نے اسلام آباد میں ورکشاپ کے دوران خشک سالی سے نمٹنے کی حکمت عملی، ادارہ جاتی استعداد اور مؤثر رابطہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں پی ڈی ایم اے بلوچستان قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی اقدامات کو مؤثر بنانے اور ہنگامی صورتحال میں عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی سلسلے میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن پی ڈی ایم اے بلوچستان نوید احمد شیخ نے اسلام آباد میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کے موضوع پر منعقدہ اہم ورکشاپ میں بطور مدعو مہمان مقرر شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، رسک فنانسنگ اور پیشگی اقدامات سے متعلق اہم اسٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔
ورکشاپ کا مقصد خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے درمیان تکنیکی معلومات، تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کے تبادلے کے ساتھ باہمی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نوید احمد شیخ نے بلوچستان میں خشک سالی کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے کے ہنگامی منصوبہ بندی کے فریم ورک، تیاریوں، پیشگی اقدامات اور مؤثر ردعمل کی حکمت عملیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے بروقت منصوبہ بندی، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
ورکشاپ کے دوران صنفی بنیادوں پر تشدد (GBV) سے متعلق اہم پہلوؤں پر حماد الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خشک سالی اور دیگر ہنگامی حالات میں خواتین، لڑکیوں اور کمزور طبقات کو درپیش خطرات کی روک تھام، تحفظ اور امدادی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی منصوبہ بندی میں تحفظ، سلامتی اور صنفی حساس اقدامات کو بنیادی اہمیت دینے پر زور دیا۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق قدرتی آفات کے ممکنہ اثرات کم کرنے، بروقت اور پیش گوئی پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے اور عوام کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ خشک سالی سے محفوظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی بہتر صلاحیت رکھنے والے بلوچستان کے قیام کے لیے قومی و صوبائی اداروں کے ساتھ تعاون مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

