پنجاب حکومت نے بسنت کی تقریبات کے لیے سخت حفاظتی ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا، 31 دسمبر تک چھتوں پر ساڑھے تین فٹ بلند حفاظتی دیواریں تعمیر کرنا لازمی قرار۔
لاہور (الفجرآن لائن) پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت 2027 منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 12 سے 14 مارچ تک پتنگ بازی کی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی ضوابط اور خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق بسنت 2027 کے سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ داخلہ میں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔ اجلاس میں بسنت کے دوران ممکنہ حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
حکام نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی غیر محفوظ یا ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ 31 دسمبر 2026 تک تمام چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ بلند اور مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازمی ہوگا۔ مقررہ معیار سے کم حفاظتی دیوار رکھنے والی چھتوں پر بسنت منانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔ بجلی کی تاروں کے قریب واقع چھتوں کو بھی بسنت سے قبل محفوظ بنانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو سیل کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کو دیا جائے گا۔
انتظامیہ پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی بھی نگرانی کرے گی تاکہ مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ بسنت کے انتظامات میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہوگا۔

