18 سالہ لیلیٰ نور اور ان کے شوہر حارث خان کو قتل کردیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔
چارسدہ (الفجرآن لائن) چارسدہ میں تھانہ سرڈھیری کی حدود میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی 18 سالہ خاتون لیلیٰ نور کو ان کے شوہر سمیت قتل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق لیلیٰ نور کو 11 ستمبر کو چار ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد واقعے میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم عدالت نے گرفتار ملزم تیمور کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم تیمور نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر لیلیٰ نور اور ان کے شوہر حارث خان کو قتل کردیا۔ واقعے کے بعد چاروں نامزد ملزمان فرار ہوگئے۔
مقتول حارث خان کے والد ایاز خان کی مدعیت میں دہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

