ملائیشیا کے جوآخیم چواہ نے ہم وطن یی ژیان سیو کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔
اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوگئی، جس کے فائنل میں ملائیشیا کے جوآخیم چواہ نے اپنے ہم وطن یی ژیان سیو کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
پاک فضائیہ کی سرپرستی میں 24 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والی پانچ روزہ چیمپئن شپ میں پاکستان، مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ چین سمیت آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز اور سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔
فائنل میں جوآخیم چواہ نے یی ژیان سیو کو 11-3، 11-4 اور 11-8 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار مہارت، جسمانی استعداد اور بھرپور مسابقتی جذبے کا مظاہرہ کیا۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) ایئر مارشل محمد سرفراز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فائنلسٹ کھلاڑیوں کو ان کی نمایاں کارکردگی پر انعامات اور ٹرافیاں پیش کیں۔ تقریب میں صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن ایئر مارشل کاظم حماد، اسکواش کے نامور کھلاڑی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شریک ممالک کے نمائندگان، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل محمد سرفراز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، عزم، نظم و ضبط اور مسابقتی جذبے کو سراہا، جبکہ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان اسکواش فیڈریشن اور ایئر مارشل کاظم حماد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے ہمیشہ اسکواش کے چیمپئنز کی تربیت اور کھیلوں میں عمدگی کی روایت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک فضائیہ ملک میں اسکواش کے کھوئے ہوئے عروج کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی سرپرستی، عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور مؤثر ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ نظام کو فروغ دے رہی ہے۔
ایئر مارشل محمد سرفراز کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں قومی اسکواش کے احیاء کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، جن کے تحت نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان ایئر فورس کے قومی اسکواش کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کے کھیلوں کے وقار کو دوبارہ بلند کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ پاک فضائیہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرکے پاکستان کی اسکواش روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

