اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش اور موسم خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، 3غیر ملکی پروازیں لینڈ نہ کرسکیں جبکہ 20 سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہفتے کی صبح شدید بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچنے والی 3 غیر ملکی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں جنہیں لاہور اتارا گیا جبکہ اسلام آباد آنے اور جانے والی 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کویت سے اسلام آباد کی غیرملکی پرواز، شارجہ اسلام آباد سے نجی ائیرلائن کی پرواز اور پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کو لاہور لینڈ کرایا گیاجبکہ مسافروں کو متبادل ذرائع سے اسلام آباد بھیجا گیا، دیگر 2 پروازیں موسم خرابی پر لاہور سے ٹیک آف کر کے اسلام آباد پہنچیں۔ابوظہبی، دمام، القسیم سے اسلام آباد کی پروازوں کی آمد میں اور اسلام آباد سے دبئی، جدہ، ابوظہبی، استنبول، بحرین، گلگت، سکردو اور دیگر 15 پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد بیجنگ کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شام 7:30بجے، اسلام آباد دبئی کی پرواز 8 گھنٹے تاخیر سے 9:30بجے جائے گی۔خراب موسم کے باعث ملتان سے شارجہ کی2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر لاہور سے شارجہ کی نجی ائیر لائن کی پرواز کی روانگی میں 9 گھنٹے، لاہور سے کراچی کی نجی ائیرلائن کی پرواز میں سوا 3 گھنٹے اور پشاور سے ابوظہبی کی پرواز میں 7 گھنٹے کی تاخیرہوئی۔