آئندہ 10روز تک سموگ شدت برقرار رہے گی، شہری ماسک استعمال،غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں، مریم اورنگزیب
لاہور(الفجرآن لائن)حکومت پنجاب نے سموگ میں اضافے کے پیش نظر لاہور سمیت 4ڈویژنز میں 17نومبر تک پرائمری سے ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔بدھ کو سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نے وزیرصحت عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے آنیوالی آلودہ ہواؤں سے سموگ کی شرح بڑھ رہی ہے، ہوا کا رخ بدلنے سے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی پھیل رہی ہے، مونجی کی فصل کی باقیات جلانے سے بھی دھوئیں میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے پیش نظر پہلے پرائمری سکولوں کو بند کیا گیا اب سیکنڈری اور ہایئر سیکنڈری سکول بھی بند کر رہے ہیں، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز میں سکولز آن لائن کام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ماسک ہر سطح پر ضروری کردیا گیا ہے، سرکاری و نجی دفاتر میں 50فیصد افسران کام کریں گے جبکہ سرکاری دفاتر میں زوم میٹنگز ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سموگ تدارک پر کام جاری ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹوں کیخلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں، زراعت و صنعتوں میں سموگ تدارک کیلئے خصوصی سکواڈ تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم جدید آلات سے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور کے ہسپتالوں میں سموگ کے 900سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ماسک نہ پہننے سے خطرناک میتھین گیس جسم میں داخل ہو رہی ہے، بدھ کی صبح لاہور کا اے کیو آئی 1100سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، شہری گرین ایپ پر اے کیو آئی دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 10روز تک سموگ کی شدت برقرار رہے گی، شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کااستعمال لازمی کریں اور غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔