سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی حکومت بلوچستان عبدالروف بلوچ کی زیرِ صدارت ڈیپارٹمنٹل سب کمیٹی برائے ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے جاری ترقیاتی منصوبوں، پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت جاری اسکیموں، اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات و دیہی ترقی ایوب قریشی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد لطیف کھتران، چیف آف سیکشن سب المجید لانگو، ایگزیکٹو انجینئر فقیر محمد، سیکشن آفیسر عطاء محمد سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، بلدیاتی اداروں کی فعالیت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنانا محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
