کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان نے محکمہ تعلقات عامہ کے ضلعی دفتر لورالائی کے فوٹوگرافر محمود بلوچ کی شاندار کارکردگی، محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی احسن انداز میں انجام دہی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔
اس موقع پر ڈی جی پی آر بلوچستان عسکر خان نے کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ میں محنت، دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ فرائض سرانجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اہلکار کسی بھی ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی بہترین کارکردگی دیگر ملازمین کے لیے بھی مثال بنتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ امور میں کوتاہی، غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ فرائض میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو ہر ممکن طور پر سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ڈی جی پی آر نے مزید کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان میں کارکردگی، میرٹ اور احتساب کے اصولوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ادارے کی مجموعی استعداد کار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
محکمہ تعلقات عامہ کے افسران و اہلکاروں نے ڈی جی پی آر بلوچستان کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ملازمین کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا روایت قرار دیا۔
