وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کے روز یہاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے ملاقاتیں کیں
جن میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کرنے والوں میں نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان، سابق صوبائی وزراء نواب ایاز جوگیزئی اور عبدالرحیم زیارتوال، جبکہ ملک غفار ناصر، ملک مرزا خان اور اقصیٰ میروانی شامل تھیں ملاقاتوں کے دوران صوبے میں سیاسی ہم آہنگی کے فروغ، ترقیاتی عمل کی رفتار بڑھانے، عوامی مسائل کے حل اور مختلف جاری منصوبوں سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں سیاسی ہم آہنگی، باہمی مشاورت اور مفاہمتی عمل کے فروغ پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو ساتھ لے کر چلنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
