پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کو پیپلز ایئر ایمبولینس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس کے آغاز کا مقصد صوبے کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں رہنے والے مریضوں کو بروقت اور فوری طبی امداد کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال میں فضائی منتقلی کو ممکن بنانا ہے اس سروس کے ذریعے شدید بیمار اور حادثات کے شکار مریضوں کو کم سے کم وقت میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے گا ایئر ایمبولینس میں جدید طبی آلات، آکسیجن سسٹم اور مانیٹرنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں تاکہ دوران پرواز مریض کو مکمل طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ نوزائیدہ بچوں کی ہنگامی منتقلی کے لیے خصوصی انکیوبیٹر بھی شامل کیا گیا ہے جو اس سروس کو مزید مؤثر اور جدید بناتا ہے یہ منصوبہ بلوچستان میں ایمرجنسی طبی نظام کو مضبوط بنانے اور دور افتادہ علاقوں تک صحت کی سہولیات کی رسائی بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
