مکہ مکرمہ: حج کے مقدس موسم میں عازمین کی سہولت کے لیے انتظامات زوروں پر ہیں، اور مکہ مکرمہ میں موجود 77 ہزار 821 سرکاری عازمین حج نماز جمعہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی طرح 6 ہزار 931 سرکاری عازمین حج مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز جمعہ ادا کریں گے، جبکہ پرائیویٹ سکیم کے 23 ہزار 735 عازمین حج بھی نماز جمعہ کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔حرمین شریفین میں نقل و حمل کے لیے تقریباً 400 بسیں مخصوص کی گئی ہیں، اور سعودی حکام نے حرم کے نزدیک کلاک ٹاور، کدانہ، جرول اور ری بخش کے ٹراپ پوائنٹس مختص کر دیے ہیں۔
موسم حج کے دوران صرف عازمین حج کو حرمین شریفین میں داخلے کی اجازت ہے۔پاکستانی عازمین حج کی رہنمائی کے لیے حرم کے اطراف میں درجنوں ہرم گائیڈز بھی مختص کیے گئے ہیں تاکہ ہر عازم کو آسانی سے نماز جمعہ ادا کرنے میں مدد مل سکے۔ کدی بس اڈے کے ذریعے تقریباً 34 ہزار، کدانہ سے 38 ہزار، ری بخش سے 1,660 اور جرول سے 5 ہزار سے زائد عازمین حج حرم پہنچیں گے۔پاکستان حج مشن نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نسک کارڈ، چھتری، جائے نماز اور پانی کی بوتل ہمراہ رکھیں تاکہ عبادت کے دوران سہولت حاصل ہو۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ انتظامات بہترین ہیں اور لاکھوں عازمین حج آج مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں جمعہ کی نماز ادا کریں گے۔
