اسلام آباد: پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری،مجموعی طور پر ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے 97 ہزار 208 جبکہ 26 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔وزارت کے مطابق امسال پاکستان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سرکاری حج اسکیم کے تقریبا 81 فیصد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق گذشتہ روز 26 حج پروازوں کے ذریعے مزید 6 ہزار 643 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا۔ترجمان وزارت کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سیکرٹری مذہبی امور کے ہمراہ پاکستان حج مشن کا دورہ کریں گے جہاں پر انہیں حج انتظامات اور عازمین کو فراہم سہولیات پر بریفنگ دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی رہائشی عمارتوں کا دورہ کریں گے۔ترجمان کے مطابق پاکستانی عازمین کی خدمت کے لیے معاونین حج، میڈیکل اور فیلڈ اسٹاف متحرک ہے۔ترجمان مذہبی امورحج مشن کی جانب سے عازمین کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سے حج پروازیں جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہزاروں پاکستانی عازمین عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ مدینہ منورہ سے پاکستانی عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستانی عازمین کو کھانے، رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات مسلسل فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی عازمین کے لیے خصوصی میڈیکل ڈیسک اور ہسپتال فعال ہیں اورمعاونین حج عازمین کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے موجود ہے۔۔
