کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نےجمعرات کے روز بینظیر بھٹو ویمن سینٹر کا دورہ کیا اور سینٹر فار قائم ویمن ہیلپ لائن سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطاء بھی ان کے ہمراہ تھیں دورے کے موقع پر بینظیر بھٹو ویمن سینٹر کی منیجر روبینہ زہری اور ویمن ہیلپ لائن کے انچارج محمد اشفاق مینگل نے مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو سینٹر کی کارکردگی، فراہم کی جانے والی سہولیات، خواتین کے تحفظ اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ویمن ہیلپ لائن کے ذریعے خواتین کو قانونی رہنمائی، نفسیاتی معاونت، تحفظ اور فوری رسپانس سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ گھریلو تشدد، ہراسگی اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ویمن ہیلپ لائن سے رجوع کرنے والے ایک شہری سے ٹیلی فون پر براہ راست گفتگو بھی کی اور شکایت کے ازالے سے متعلق معلومات حاصل کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مؤثر اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کا تحفظ، وقار اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن ہیلپ لائن اور بینظیر بھٹو ویمن سینٹر جیسے ادارے خواتین کے اعتماد کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو محفوظ، بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس ضمن میں ادارہ جاتی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ہدایت کی کہ خواتین کی شکایات کے ازالے میں حساسیت، رازداری اور فوری رسپانس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ صوبے بھر میں خواتین کی فلاح و بہبود، تحفظ اور معاونت کے لیے اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرے گا تاکہ خواتین کو ایک محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
