راولپنڈی(الفجر آن لائن)سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم، شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں میں ان آپریشنز کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا،
آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 خوارج ہلاک ہوگئے، ہلاک خوارج سے کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک خوارج متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے،ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس و سرچ آپریشنز جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
