جنگ بندی کا احترام کیا، اختلافات مذاکرات سے حل کیے جا سکتے ہیں، لیکن حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، امریکی نائب صدر
واشنگٹن(الفجرآن لائن) امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تشدد کا راستہ اختیار کیا گیا تو اس کا جواب بھی بھرپور طاقت سے دیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے ایران پر حالیہ حملے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کیا اور اس پر عمل درآمد کیا۔انہوں نے کہا، ایران نے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے تو ہم نے اس کا احترام کیا۔
اگر انہیں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) سے متعلق کوئی اختلاف ہے تو وہ ہمیں بتا سکتے ہیں، لیکن تشدد کا مقابلہ تشدد سے کیا جائے گا۔امریکی نائب صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی اور مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں اور خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
