اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ادائیگی کا نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری پاسپورٹ فیس کی ادائیگی اب ڈیجیٹل ذرائع سے کر سکیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاسپورٹ سروسز میں اصلاحات کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ نئے کیش لیس نظام کے تحت شہریوں کو نقد رقم لے جانے، طویل قطاروں میں کھڑے ہونے اور گھنٹوں انتظار کرنے کی زحمت سے نجات ملے گی۔
وزیر داخلہ کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی کے اس نظام سے نہ صرف پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید تیز ہوگا بلکہ شفافیت، سہولت اور بہتر سروس ڈیلیوری کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری خدمات کو عوام کے لیے زیادہ مؤثر اور آسان بنایا جا رہا ہے۔محسن نقوی نے کیش لیس ادائیگی نظام کے کامیاب نفاذ پر پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو جدید، تیز رفتار اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
