اسلام آباد(الفجرآن لائن)ماہ جون میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 0.3 فیصد کم ہوئی جبکہ جون 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.1 فیصد ریکارڈکی گئی۔ادارہ شماریات نے جون 2026 کی مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے۔رپورٹ کے مطابق ماہ جون میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 0.3 فیصد کم ہوئی، جون 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.1 فیصد ریکارڈ، گزشتہ ماہ مئی میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.7 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں سالانہ مہنگائی 11.2 فیصد، ماہانہ بنیاد پر 0.5 فیصد کمی ہوئی، دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی 10.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے میں سالانہ بنیاد پر 12.8 فیصد اضافہ ہوا، ایک ماہ میں ٹماٹر 90 فیصد، پیاز 21 فیصد اور آلو 18 فیصد مہنگے ہوئے، تازہ سبزیاں 12.5 فیصد، آٹا 2.2 فیصد اور گھی 1.9 فیصد مہنگا ہوا، چکن 22 فیصد اور انڈے تقریباً 11 فیصد سستے ہوگئے، پیٹرولیم مصنوعات 12 فیصد اور بجلی کے بل 4.3 فیصد کم ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر گندم 65 فیصد اور آٹا 55 فیصد مہنگا ہوا، ٹماٹر کی قیمت میں ایک سال کے دوران 52 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا،پیاز سالانہ بنیاد پر 60 فیصد مہنگا ہوگیا، گوشت، دودھ کی مصنوعات اور بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، آلو 40 فیصد، انڈے 33 فیصد اور چینی 16 فیصد سستی ہوئی، ایل پی جی کی قیمت سالانہ بنیاد پر 60 فیصد سے زائد بڑھ گئی، ٹرانسپورٹ، پیٹرول، بجلی اور گیس کے نرخوں میں سالانہ نمایاں اضافہ ہوا۔
