اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے افغانستان کے حوالے سے بیان کو مضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بھی دبا رہا ہے اوربھارت متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل میں بھارتی وزارت خارجہ کے 29 جون کے بیان کو مسترد کر دیااور کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر کے خلاف اپنے جائز، ٹارگٹڈ اور متناسب اقدامات سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بیان ایسے ملک کی جانب سے آیا ہے جو تاریخی طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت میں مداخلت اور اسے نقصان پہنچاتا رہا ہے، بھارت کا طرز عمل اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بھی دبا رہا ہے، بھارت متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور سرپرستی کرتا رہا ہے، بھارت متعلقہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مسلسل علاقائی امن میں رکاوٹ ڈالنے والے کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے،پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
