اسلام آباد (الفجرآن لائن):کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا یومِ شہادت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی مساجد میں شہداء کے بلندی درجات، مغفرت اور وطنِ عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر علماء کرام نے کہا کہ وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا سرمایۂ افتخار ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کی اجتماعی ذمہ داری اور امانت ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، شہداء پاکستان کی بے مثال قربانیوں نے وطن کے امن، آزادی اور استحکام کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں، باوقار قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کی قدر کرتی ہیں، وہ عزت، اتحاد اور استحکام کی راہ پر گامزن رہتی ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان شہیدنے جرات، بہادری اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ، شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کی مضبوط علامت ہیں۔

