کوئٹہ ( الفجرآن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں ہنہ اڑک اور بابری میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا بھرپور آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کا مقصد علاقے کو دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی فورسز انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن مؤثر انداز میں جاری ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رکھا جائے گا شاہد رند نے بتایا کہ آپریشن کے دوران اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) کے چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال جرات اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ہنہ اڑک اور بابری کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے اور کسی بھی ریاست دشمن عنصر کو فرار ہونے کا موقع نہ ملے۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور امن کے قیام تک تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی شاہد رند نے کہا کہ علاقے میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں اور صرف حکومت بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر مصدقہ سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کو بروقت حقائق سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

