کراچی(الفجر آن لائن) کراچی کی پٹھان کالونی اور ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے مبینہ پھیلا ؤ کے پیشِ نظر حکومت نے بڑے پیمانے پر اسکریننگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ولیکا اسپتال اور پٹھان کالونی کے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ایچ آئی وی اسکریننگ کا آغاز کرے گا۔
اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، جس کے تحت وفاق سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کو 50 ہزار ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرے گا۔
منصوبے کے مطابق ولیکا اسپتال آنے والے تمام مشتبہ افراد کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے جائیں گے، جبکہ پٹھان کالونی کے مختلف رہائشیوں کی بھی اسکریننگ کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکریننگ کے دوران پٹھان کالونی اور ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی مثبت آنے والے تمام افراد کو فوری طور پر رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد ان مریضوں کو حکومت کی جانب سے مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

