اسلام آباد(الفجر آن لائن) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے زونل آفس لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کے اشتراک سے غیر قانونی طور پر فعال سموں کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف ایک اہم اقدام اٹھایا ہے،پی ٹی اے کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر این سی سی آئی اے نے ساہیوال میں ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا جو مبینہ طور پر بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر فعال سموں کی خرید و فروخت کے غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث تھی۔
ہفتہ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کے دوران مجموعی طور پر 329 غیر قانونی طور پر فعال سمیں برآمد ہوئیں جن میں 176 جاز، 83 یوفون، 66 زونگ اور 4 ٹیلی نار سمیں شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش اور برآمد شدہ موبائل فون کے فرانزک تجزیے سے مختلف شہروں میں سموں کی ترسیل، بڑی تعداد میں سموں کی تصاویر، کورئیر پارسل کے ریکارڈ اور فعال سموں کی غیر قانونی خرید و فروخت سے متعلق شواہد سامنے آئے ہیں، اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام، ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم کے غلط استعمال کے خاتمے اور ٹیلی کمیونیکیشن نظام کے محفوظ، شفاف اور قانونی استعمال کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اقدامات کا تسلسل جاری ہے

