مطالبات پر پیش رفت کے بعد احتجاجی دھرنا ختم ہونے کا امکان، ذرائع جوڈیشل کمیشن، سیکیورٹی اور دیگر مطالبات پر اتفاق رائے کی کوششیں جاری
کوئٹہ(الفجر آن لائن)سانحہ زیارت کے شہدا کے لواحقین اور حکومت بلوچستان کے درمیان جاری مذاکرات کا ایک اور اہم دور آج متوقع ہے، جس میں شہدا کے اہل خانہ کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پر حتمی پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور لواحقین کے درمیان گزشتہ مذاکرات میں متعدد اہم نکات پر پیش رفت ہوئی تھی، جبکہ عدالتی تحقیقاتی کمیشن (جوڈیشل کمیشن) کے قیام، مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی، سیکیورٹی سے متعلق اقدامات اور دیگر مطالبات پر مزید مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آج ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا تو سانحہ زیارت کے خلاف کوئٹہ میں جاری احتجاجی دھرنا ختم کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
واضح رہے کہ شہدا کے لواحقین واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین، مثر سیکیورٹی اقدامات اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے گزشتہ کئی روز سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ حکومت ان مطالبات پر مرحلہ وار عملدرآمد کی یقین دہانی کرا چکی ہے۔

