چاغی(الفجر آن لائن)پاک ایران سرحدی علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پانچ مزدوروں کی میتیں ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد حسن، محمد قدیر اور محسن کا تعلق ضلع سیالکوٹ جبکہ محمد بلال اور بلال کا تعلق خانپور سے تھا۔ تمام مقتولین پنجاب کے رہائشی تھے اور گزشتہ چار سے پانچ برس سے ماشکیل میں حجام کی دکان پر کام کرکے روزگار کما رہے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے ماشکیل میں حجام کی دکان پر فائرنگ کرکے پانچوں مزدوروں کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

