نصیرآباد (الفجر آن لائن)نصیرآباد کے علاقے نوتال میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے 220 کے وی بجلی کے ایک ٹاور کو تباہ کر دیا، جبکہ ایک دوسرے ٹاور کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نوتال کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ٹاور نمبر 42 کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ٹاور مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
کیسکو حکام کے مطابق متاثرہ 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن اوچ پاور پلانٹ سے سبی اور دیگر علاقوں کو بجلی فراہم کر رہی تھی۔
ٹاور تباہ ہونے کے باعث سبی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ نامعلوم ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

