راولاکوٹ (الفجرآن لائن) آزاد کشمیر میں انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق( جے اے اے سی) سے منسلک مظاہرین نے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر تشدد کا راستہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔پولیس بیان کے مطابق رات 10 بجے راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے شہر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، جسے روکنے پر مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔حکام کے مطابق بعد ازاں راولاکوٹ کے مضافاتی علاقے میں ایک سیکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے دوران رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہوگئے۔ جبکہ پولیس کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو آگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کشیدہ صورتحال کے باوجود تحمل، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کیا۔حکام نے الزام عائد کیا کہ تشدد، آتش زنی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری اہلکاروں، املاک اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ریاستی اداروں نے واضح کیا ہے کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ کسی بھی قسم کی تشدد آمیز کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں اور صورتحال سے متعلق صرف مستند ذرائع سے حاصل معلومات پر اعتماد کریں۔

